کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ کوئٹہ میں صوبے کے مالی مسائل پر بات کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کابینہ کے اجلاس میں صوبائی امور سے متعلق 65 ایجنڈا نکات پر غور کیا گیا، فیصلہ کیا گیا کہ کسی کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں گوادر میں مشتعل ہجوم کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار کے لیے دعا بھی کی گئی۔ کابینہ نے گوادر میں حق دو تحریک (ایچ ڈی ٹی) کے ہنگامہ آرائی اور پولیس پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن کوئی دباؤ قبول نہیں، گوادر کی صورتحال پر قابو پانے کے بعد بند سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔ صوبائی کابینہ نے وفاق سے این ایف سی ایوارڈ کے تحت حصہ کے حصول کے معاملے کا بھی جائزہ لیا، امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت صوبے کے مالی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ بلوچستان کی کابینہ نے ضلع نوشکی میں دو نئی تحصیلوں اور ایک سب تحصیل کے قیام اور زیارت سے متاثرہ تاجروں کے نقصانات کے ازالے کی منظوری دی۔ کابینہ نے بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ رولز 2022 اور صوبائی جوڈیشل اکیڈمی کے لیے اضافی گرانٹ ان ایڈ کی بھی منظوری دی۔